نئی دہلی،5جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) وزیر داخلہ امت شاہ نے دارالحکومت کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں بی جے پی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کیا اور اس دوران دہلی حکومت پر جم کر برسے۔انہوں نے کجریوال حکومت پر عوام سے کیا وعدہ پورا نہ کرنے کے الزام لگائے اور کہا کہ آپ حکومت نے دہلی کے لئے کیا کام کیاہے ذرا دکھائیے، جس کے بعد کجریوال نے ٹوئٹر کے ذریعے وزیر داخلہ پر جوابی حملہ کیا ہے۔کجریوال نے کہا کہ وزیر داخلہ نے اپنے پورے خطاب میں مجھے گالی دینے کے علاوہ کچھ نہیں کہا۔انہوں نے ٹویٹ کیاکہ میں وزیر داخلہ امت شاہ کی مکمل تقریرسنی،مجھے لگا وہ ہمارے کاموں کی خرابیاں گنائیں گے اور دہلی کی ترقی کی بات کریں گے لیکن انہوں نے مجھے گالی دینے کے علاوہ کچھ نہیں کہا۔دہلی کے لئے ان کے پاس تجاویز ہیں تو بتائیں، ہم اچھی تجاویز اگلے پانچ سالوں میں پورا کریں گے۔کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی صدر نے کجریوال پر طنز مارتے ہوئے کہا کہ آپ نے کہا تھا کہ 20 کالج بنائیں گے، یہ کالج کہاں گئے پتہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ کجریوال نے پانچ ہزار سے زیادہ اسکول بنانے کا وعدہ کیا تھا، میں نے آئینہ چڑھاکے دیکھ رہا ہوں کہ کہاں اسکول بنے، پر کہیں نظر نہیں آتا۔شاہ نے مزید کہا کہ کجریوال جی نے دہلی میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ منصوبہ کے تحت کام نہیں ہونے دیا، آیوشان بھارت منصوبہ بھی لاگو نہیں کرنے دیا۔